Home / آس پاس / جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث لوگوں کے خلاف 30 مقدمات درج کروائے، علی ارشدایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب
hujra news

جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث لوگوں کے خلاف 30 مقدمات درج کروائے، علی ارشدایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب

حجرہ شاہ مقیم (فہیم احمد غوری سے)ایڈیشنل سیکریٹری ٹاسک فورس زراعت پنجاب علی ارشد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی ریاست اور حکومت سے بڑا نہیں ہے حکومت کاشتکار کی بہتری اور فلاح کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے، پنجاب حکومت کا فیصلہ ہے کہ صوبہ میں غیر معیاری کھادوں اور جعلی ادویات کی تیاری اور فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے قرار واقعی سزا دلوائی جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ اوکاڑہ کے موقع محکمہ زراعت توسیع اوکاڑہ کی جانب سے افسران اور فیلڈ سٹاف کی استعداد کا ر میں اضافہ کے لئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کیا،سیمینار میں کاشتکاروں کے نمائندہ وفود نے بھی شرکت کی،

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائر یکٹر زراعت ساہیوال ڈویژن چوہدری فاروق جاوید اور ڈپٹی ڈائر یکٹر زراعت توسیع اوکاڑہ چوہدری شہباز اختر نے کہا کہ ایڈ یشنل سیکریٹری ٹاسک فورس زراعت کی سر براہی میں کسانو ں کے مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ محکمہ کے واٹس ایپ نمبر 0300-2955539 پر آنے والے پیغامات کو 24 گھنٹے میں حل کیا جا رہا ہے کسانوں کی رہنمائی کی جا رہی ہے اور انہیں درپیش مسائل و مشکلات کے قابل عمل حل تجویز کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گذشتہ سال جعلی زرعی ادویات کے دھندے میں ملوث لوگوں کے خلاف 19 ایف آئی آر درج کروائیں گئی جبکہ رواں سال 30 مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔گذشتہ سال مہنگی اور غیر معیاری زرعی ادویات و کھاد بیچنے والوں کو ایک لاکھ 58 ہزار جبکہ رواں سال میں 37 لاکھ روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے اور 248 چھاپے مارے گئے ہیں۔ ایڈیشنل سیکریٹری ٹاسک فورس زراعت پنجاب علی ارشد نے کہا کہ کسانوں کی رہنمائی اور پیغامات / شکایات کو 24 گھنٹے میں نہ صرف حل کیا جاتا ہے بلکہ صوبائی سیکٹری زراعت،ڈائریکٹر جنرل اور صوبائی وزیر زراعت بھی ان تمام معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کہ رہنمائی اور مدد ہمارا فرض ہے۔ممکنہ زراعت کا فیلڈ سٹاف محکمہ کی شناخت ہے یہ لوگ لائق تحسین ہیں کہ گرم سرد موسم میں کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کاشتکاروں کو جدید طریقہ کاشتکاری فصلوں کی کاشت و برداشت،پیداوار کو ذخیر ہ کرنے،کیمیائی کھادوں کے استعمال،سپرے کرنے کے طریقے بتائیں اورلوگوں کو جدید کاشتکاری سے متعلق شعور و آگاہی دیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سٹاف و فیلڈ عملہ کے مسائل فوری طور پر حل کریں۔ایڈیشنل سیکریٹری ٹاسک فورس زراعت پنجاب علی ارشد نے کہا کہ محکمہ زراعت کے فوت شدہ اہلکاران کے بچوں کو فوری ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اپنی محنت،لگن،جستجو اور اپنی ٹیم پر بھروسہ کرتے ہوئے محکمہ زراعت کو ایک مثالی محکمہ بنائیں گے اور اپنے کسانوں کے حقوق کی حفاظت کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے